Friday, December 4, 2015

پاکستان سپرلیگ کی 5 ٹیموں کی بولی کا مرحلہ مکمل

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے لئے ٹیموں کی بولی کا مرحلہ مکمل ہوگیا جب کہ بولی میں 2 غیرملکی اور ایک میڈیا گروپ نے حصہ لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئندہ سال پی سی بی کی جانب سے محدود اوورز کی سیریز پی ایس ایل کے لئے ٹیموں کی بولی کا مرحلہ مکمل ہوگیا جس میں دو غیرملکی اور ایک میڈیا گروپ نے بھی حصہ لیا۔ سب سے زیادہ بولی کراچی کی ٹیم کی لگائی گئی جسے 26 لاکھ ڈالر میں خریدا گیا جب کہ قطر آئل کمپنی نے لاہور کی ٹیم 24 لاکھ ڈالر میں خریدی، عمر ایسوسی ایٹس نے پی ایس ایل کے لئے کوئٹہ کی ٹیم کے لئے بولی لگائی جب کہ متحدہ عرب امارات کی وینچر کیپیٹل نے اسلام آباد کی ٹیم 15 لاکھ ڈالرمیں خریدی۔
دوسری جانب  چیرمین گورننگ کونسل پی ایس ایل نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ 4 سے 23 فروری تک شارجہ اور دبئی میں کھیلی جائے گی جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو غیر ملکی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے سے فائدہ ہوگا جب کہ لیگ کےلیے کوچز کا انتخاب آئندہ 10 روز میں کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ بورڈ کے اراکین کی مشاورت اور رضامندی سے آئندہ سال فروری میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاک بھارت سیریز؛ سری لنکا نے پی سی بی کو2 مجوزہ شیڈول بھیج دیئے

کولمبو / دہلی: سری لنکا نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی کیلیے تیاریاں مکمل کرلیں، پی سی بی کو 2مجوزہ شیڈول ارسال کردیے گئے ہیں، ٹیموں کی 14 یا 15 دسمبر کی متوقع آمد کے پیش نظر الگ الگ پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی سیریز کا اونٹ ابھی کسی کروٹ نہیں بیٹھا مگر ممکنہ میزبان سری لنکا نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ایس ایل سی کا کہنا ہے کہ سیریز کے انتظامات کیلیے ہم سے پاکستانی بورڈ نے درخواست کی تھی، تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹوئنٹی 20 میچز شیڈول کا حصہ بنائے گئے ہیں، یہ مقابلے پالے کیلی اور کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جائینگے، ابھی پی سی بی اور بی سی سی آئی میں حتمی طور پر کچھ بھی طے نہیں ہوا، اس لیے سری لنکا نے2الگ الگ شیڈول ترتیب دیکر پی سی بی کو بھیج دیے ہیں۔
اگر ٹیمیں 14 دسمبر کو سری لنکا پہنچتی ہیں تو پھر پہلا اور دوسرا ون ڈے پالے کیلی میں بالترتیب 17 اور 19 دسمبر کو کھیلا جائے گا، 22 تاریخ کو شیڈول تیسرے میچ کیلیے دونوں ٹیمیں کولمبو پہنچیں گی، یہیں پر تینوں ٹوئنٹی 20 میچز بالترتیب 24، 26 اور 28 دسمبر کو کھیلے جائینگے، ٹیمیں 29 دسمبر کو واپس روانہ بھی ہوجائیں گی۔
اگر ٹیمیں 15 دسمبر کو سری لنکا کا رخ کرتی ہیں تو پھر وینیوز وہی رہیں گے، البتہ مقابلوں کی تاریخیں ایک ایک دن آگے ہوجائیں گی، ون ڈے میچز بالترتیب  18، 20 اور 23 دسمبرکو کھیلے جائیں گے، ٹوئنٹی 20 مقابلے 26، 28 اور 30 دسمبر کو ہوں گے، ٹیمیں 31 کو واپس روانہ ہوں گی۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا میں دعویٰ کیا گیاکہ ششانک منوہر کے ساتھ ملاقات میں ای سی بی کے جائلز کلارک کی موجودگی میں شہریار خان نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستان ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا بائیکاٹ نہیں کرے گا، مگر اس کیلیے انھوں نے پہلے باہمی سیریز کی شرط عائد کردی تھی، جس پر بھارت سری لنکا میں کھیلنے کو تیار ہوا، اب بھی یہ خطرہ موجود ہے کہ اگر یہ سیریز نہیں ہوتی تو پھر پاکستان اپنی ٹیم ورلڈ ایونٹ کیلیے بھارت بھیجنے سے انکار کرسکتا ہے۔

سلمان بٹ اور محمد آصف کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے بعد اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ کرکٹر سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی نے محمد عامر کے بعد اسپاٹ فکسنگ میں سزا پانے والے کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق دونوں کرکٹرز نوجوان کرکٹرز کو لیکچرز دینے کا پروگرام مکمل کر چکے ہیں اس لئے اب دونوں ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کر سکتے ہیں۔ دونوں کرکٹرز 12 جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والے نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں واپڈا کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے محمد عامر، سلمان بٹ اور محمد آصف کو 2010 میں انگلینڈ کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں تینوں کرکٹرز کو 10 سال تک کی سزا سنائی تھی جب کہ تینوں کرکٹرز نے لندن جیل میں بھی اپنے کئے کی سزا کاٹی تھی۔ پی سی بی محمد عامر کو پہلے ہی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے چکا ہے اور آج کل محمد عامر بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں ایکشن میں ہیں۔

Tuesday, December 1, 2015

انگلینڈ سے وائٹ واش کے بعد قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چھٹے نمبرپرآگئی

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی اور انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد قومی ٹیم 4 درجہ تنزلی کے بعد دوسری سے چھٹے پوزیشن پر آگئی۔
متحدہ عرب امارات میں قومی ٹیم انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی ناکام رہی اور محدود اوورز کی طرز کی کرکٹ میں وائٹ واش کے بعد 4 درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبرپرآگئی اورانگلینڈ نے چوتھا نمبرحاصل کیا ہے جب کہ سری لنکا کی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا بالترتیب  دوسرے ،تیسرے اور پانچویں نمبرپرموجود ہیں  جب کہ بھارتی ٹیم عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبرپرہے۔
بلے بازوں کی رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی پہلے 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکا ،آسٹریلوی بلے بازایرون فنچ پہلے اور بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے نمبرپر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے فہرست میں احمد شہزاد 16 ویں اورعمر اکمل 18 ویں نمبرپرموجود ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں غیر قانونی ایکشن پر پابندی کا شکار ویسٹ انڈین بولر سنیل نارائن بدستور پہلے نمبر پر ہیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی کپتان شاہد آفریدی چھٹے نمبرپرموجود ہیں ان کے علاوہ دیگر پاکستانی بولروں میں سہیل تنویر اور  محمد حفیظ 17 ویں اور 20یں نمبرپرہیں۔
آئی سی سی کی آل راؤنڈررینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی 3 درجہ ترقی کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں  جب کہ بنگلا دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔